ڈرون حملے میں تکفیری دہشت گرد ’عمر خالد خراسانی‘ کی ہلاکت کی تصدیق

IQNA

ڈرون حملے میں تکفیری دہشت گرد ’عمر خالد خراسانی‘ کی ہلاکت کی تصدیق

6:55 - October 20, 2017
خبر کا کوڈ: 3503690
بین الاقوامی گروپ: امریکی ڈرون حملے میں کالعدم جماعت الاحرار کے سربراہ عمر خالد خراسانی کی ہلاکت کی تصدیق ہوگئی۔

ایکنا نیوز- ڈان نیوز کے مطابق دہشت گرد تنظیم کے ترجمان اسد منصور نے غیر ملکی خبر رساں ایجنسی ’اے ایف پی‘ کو عمر خالد خراسانی کی ڈرون حملے میں ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ’عمر خالد خراسانی افغان صوبے پکتیا میں حالیہ امریکی ڈرون حملے میں شدید زخمی ہوئے تھے اور زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔‘

انہوں نے کہا کہ ’ڈرون حملے میں عمر خالد خراسانی کے 9 قریبی ساتھی بھی ہلاک ہوئے۔‘

اسد منصور کا کہنا تھا کہ تنظیم کے نئے سربراہ کے انتخاب کے لیے جماعت الاحرار کی مشاورتی کونسل کا اعلیٰ سطح کا اجلاس جلد ہوگا۔

تاہم طالبان کے ایک اہم کمانڈر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ جماعت الاحرار کے ایک سینئر کمانڈر اسد آفریدی کو پہلے ہی تنظیم کا نیا سربراہ مقرر کیا جاچکا ہے۔

امریکا کی جانب سے گزشتہ تین ہفتے کے دوران افغانستان میں 70 زمینی اور ڈرون حملے کیے گئے، جبکہ پاک افغان سرحد پر گزشتہ چند روز کے دوران متعدد ڈرون حملوں میں طالبان سے منسلک حقانی نیٹ ورک کے اہم ترین کمانڈر سمیت 30 سے زائد افراد ہلاک ہوئے۔

یہ حملے کینیڈین شہری جوشُوا بوائل، ان کی امریکی اہلیہ اور تین بچوں کی بازیابی کے چند روز بعد ہوئے۔

غیر ملکی خاندان کو حقانی نیٹ ورک کے ہاتھوں اغوا کے تقریباً پانچ سال بعد پاکستان میں بازیاب کرایا گیا۔

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ عمر خالد خراسانی کی ہلاکت پاکستان اور امریکا کے درمیان انٹیلی جنس شیئرنگ دوبارہ شروع ہونے کی طرف اشارہ ہے۔


نظرات بینندگان
captcha