محرم الحرام کے پہلے عشرہ کی مناسبت سے حرم امام رضا(ع) کے پروگرام

IQNA

محرم الحرام کے پہلے عشرہ کی مناسبت سے حرم امام رضا(ع) کے پروگرام

20:45 - July 30, 2022
خبر کا کوڈ: 3512404
محرم الحرام کے پہلے عشرےکی مناسبت سے حرم امام رضا علیہ السلام میں مختلف پروگراموں ، مجالس اور عزاداری کا انعقاد کیا جائے گا۔

آستان قدس رضوی کے مطابق حرم امام رضا(ع) میں  سید الشہداء حضرت امام حسین علیہ السلام کی عزاداری کی مناسبت سے منعقد ہونے والے پروگراموں کا باقاعدہ آغاز شب اوّل محرم  سے ’’اذن عزاء‘‘ پروگرام سے ہوا جس میں گنبد مطہر امام رضا علیہ السلام پر نصب سبز پرچم کو تبدیل کر کے سیاہ پرچم نصب کر دیا گیا اسی طرح ضریح مطہر امام رضا علیہ السلام پر بھی سیاہ چادر چڑھائی گئی،اس دوران امام حسین علیہ السلام اور ان کے با وفا اصحاب کے مصائب بھی بیان کئے گئے۔
اذن عزا پروگرام میں مشہد مقدس کی 80مذہبی تنظیموں اوردیگر شہروں کی 130 مذہبی تنظیموں اور ماتمی دستوں کو حرم امام رضا علیہ السلام کی جانب سے پرچم عزا  دیئے گئے۔
عزاداری اور مجالس کے پروگرامز  دن میں تین بار رواق امام خمینی (رہ) میں منعقدکئے جائیں گے صبح ساڑھے چاربجے سے چھ بجے تک ،ظہر10:45 سے دو بجے تک اور عصر ساڑھے چھ بجے سے رات ساڑھے دس بجے تک مجالس و عزاداری کا سلسلہ جاری رہے گا۔ 
حرم امام رضا علیہ السلام کے ادارہ تبلیغات اسلامی کے سربراہ حجت الاسلام شریعتی نژاد نے بتایا کہ ان مجالس میں ملک کے نامور خطیب خطاب فرمائیں گے جن میں  حجت الاسلام والمسلمین سید احمد علم الہدیٰ، حجت الاسلام والمسلمین کاظم راشد یزدی،حجت الاسلام والمسلمین محسن کازرونی،حجت الاسلام والمسلمین حسینی بوشہری،حجت الاسلام والمسلمین اسماعیل مقری،حجت الاسلام والمسلمین جعفر اسلامی فرد اور حجت الاسلام سید احمد حسینی شامل ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ رواق امام خمینی(رہ) کے علاوہ رواق درالحجہ،مسجد گوہر شاد اور صحن قدس میں بھی عزاداری و مجالس کا اہتمام کیا گیا ہے ، صحن قدس میں ’’حسینیہ حرم‘‘ کے عنوان سے ہر رات دس بجے سے رات بارہ بجے تک مجالس و عزاداری منعقد کی جائے گی جس میں مختلف ماتمی انجمنیں اور دستے شرکت فرمائیں گے۔ 
پہلی محرم الحرام کو صبح سات سے آٹھ بجے تک ’’صلا‘‘ پروگرام کے تحت حرم امام رضا(ع) کے خادموں نے حرم کے چودہ میناروں پر حاضر ہو کر محرم الحرام کے آغازاور عزاداری اباعبداللہ الحسین (ع)کے ایّام عزا کا اعلان بھی کیا۔ 
انہوں نے بتایا کہ سات محرم الحرام کی رات ’’احلیٰ من العسل‘‘ کے عنوان سے رواق امام خمینی(رہ) میں خصوصی پروگرام منعقد کیا جائے گااس کے علاوہ سات محرم الحرام کے  دن عالمی یوم علی اصغر(ع) کی مناسبت سے’’حسینی شیر خوار بچوں‘‘ کے لئے صبح نو بجے خصوصی پروگرام منعقد کیا جائے گا،جس میں مائیں اپنے شیر خوار بچوں کو لے کر کربلا کے سب سے چھوٹے شہید کی یاد میں عزاداری برپا کریں گی۔
حجت الاسلام شریعتی نژاد نے بتایا کہ حرم امام رضا(ع) کے رواق حضرت زہرا(س)،دارالحجۃ اور دارالمرحمہ میں خواتین کے لئے خصوصی پروگرامز منعقد کئے جائیں گے جن میں خواتین خطیب  اور مرثیہ خوان خطاب فرمائیں گی اور مرثیہ پڑھیں گی۔
گفتگو کو جاری رکھتے ہوئے کہا کہ ان ایّام میں’’پرسمان دینی‘‘ کے عنوان سے مختلف موضوعات پر جیسے ’’امربہ معروف اور نہی از منکر کے معاشرتی آثار‘‘،’’عاشورائی جوان،غیرت،بصیرت،ولایت مداری‘‘،’’عزاداری مطلوب‘‘ اور’’ابا عبد اللہ الحسین (ع) کے نام اور یاد کو زندہ رکھنے میں امام رضا(ع) کا کردار وغیرہ پر مختلف مجالس منعقد کی جائیں گی۔  ان مجالس کا باقاعدہ آغاز یکم محرم الحرام سے بوقت عصر چھ بجے ہوگا۔ 
ان کے علاوہ رواق کودک میں بچوں کے لئے عزاداری کا انعقاد،دینی سوالات کے جوابات کے لئے معرفتی نشستیں اور زیارتی قافلوں کے لئے ’’ابناء الرضا‘‘پروگرام کے تحت عزاداری منعقد کی جائے گی۔ 
اسی طرح ہر روز نماز مغربین سے پہلے دارالقرآن میں تلاوت قرآن کا اہتمام اور شب عاشورا کو رواق امام خمینی(رہ) میں جلسہ قرآنی منعقد کیا جائے گا۔  
شب عاشورا کی خطبہ خوانی کا پروگرام جو کہ ہرسال صحن انقلاب میں ہوا کرتا تھا اس بارصحن انقلاب میں تعمیراتی کاموں کی وجہ سے صحن انقلاب کے بجائے صحن پیامبر اعظم(ص) میں منعقد کیا جائے گا۔
شام غریباں کا خصوصی پروگرام رضوی خادموں کی شرکت سے رواق حضرت زہراء(س) سے شروع ہو گا اور ماتم کرتے ہوئے صحن امام حسن مجتبیٰ(ع) سے گزر کر بست شیخ طبرسی پر اختتام پذیر ہوگا۔
حرم امام رضا علیہ السلام کے ایسے زائرین جو سماعت سے محروم ہیں ان کے لئے بھی خصوصی طور پر عزاداری کا انعقاد کیا گیا ہے ۔ 
یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ غیرملکی زائرین کے لئے بھی محرم الحرام کے پہلے عشرہ کی مناسبت سے صحن کوثر، رواق دارالمرحمہ اور صحن غدیر میں عزاداری و مجالس کے مختلف پروگرامز منعقد کئے جائیں گے۔اردو زبان زائرین کےلئے ہر روز رواق غدیر میں مجلس  عزاء منعقد کی جائے گی۔ 
حرم امام رضا علیہ السلام کے تمام پروگراموں کو ملکی اور غیرملکی میڈیا کے علاوہ انٹرنیٹ رضوی ٹی اور razavi_aqr.ir سایٹ کے ذریعہ بھی نشر کیا جائے گا۔ 

نظرات بینندگان
captcha